Syed Shayan Real Estate Archive

ہوم
Syed Shayan Real Estate Archive

تاریخ سے تلاش

کسی بھی دن کے تاریخی واقعات دیکھیں۔

لفظ سے تلاش

لوگ، جگہیں، قوانین، عمارتیں اور مزید۔

زمرہ جات

47 سیکشن، 300+ تاریخی ریکارڈ۔

Select Date

1 Historical Event found for 20 July
1
23 سال پہلے

On This Date

20 جولائی 2003

نیلسن منڈیلا برج کا افتتاح ہوا جس نے جوہانسبرگ کی شہری زندگی کو نئی معاشی اور ثقافتی شناخت دی

نیلسن منڈیلا برج کا افتتاح ہوا جس نے جوہانسبرگ کی شہری زندگی کو نئی معاشی اور ثقافتی شناخت دی

20 جولائی 2003 کو جنوبی افریقہ کے سابق صدر نیلسن منڈیلا نے جوہانسبرگ میں اپنے نام سے منسوب نیلسن منڈیلا برج کا باضابطہ افتتاح کیا۔ یہ افتتاحی تقریب ان کی 85 ویں سالگرہ کے دو روز بعد منعقد ہوئی اور شہر کی تعمیر نو، بہتر رابطے اور نسل کی بنیاد پر ہونے والی جغرافیائی تقسیم کو ختم کرکے شہریوں کو دوبارہ جوڑنے کی علامت بن گئی۔

تقریباً 284 میٹر طویل کیبل سٹے برج نے براہم فونٹین کے کاروباری اور تعلیمی علاقے کو نیو ٹاؤن کے ثقافتی ضلع سے ملایا۔ اس کی تعمیر 42 فعال ریلوے لائنوں کے اوپر کی گئی، جبکہ منصوبے پر کام کے دوران ٹرینوں کی آمدورفت جاری رکھی گئی۔ پل پر گاڑیوں کے لیے دو لینز کے ساتھ پیدل چلنے والوں کے راستے بھی بنائے گئے۔

نیلسن منڈیلا برج محض ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر نہیں تھا۔ جوہانسبرگ ڈویلپمنٹ ایجنسی کے مطابق یہ 300 ملین رینڈ کے اندرون شہر بحالی منصوبے کا مرکزی حصہ تھا، جس کا مقصد نیو ٹاؤن اور مرکزی کاروباری ضلع میں کاروباری لوگوں اور سرمایہ کاروں کی واپسی کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔

نیو ٹاؤن کی وسیع تر ترقی میں میری فٹزجیرالڈ سکوائر کی بہتری، فنون و ثقافت کے مراکز، سکیورٹی، پارکنگ اور رہائشی منصوبے شامل تھے۔ سرکاری منصوبہ بندی میں 2,200 نئے ہاؤسنگ یونٹس بھی شامل کیے گئے، جن میں نصف کو کرایہ داری میں رعایت دینے کے لیے مختص کرنے کا تصور پیش کیا گیا۔

اس پل نے ریلوے یارڈ سے جدا دونوں شہری حصوں کے درمیان رسائی آسان بنائی اور نیو ٹاؤن کو شمالی جوہانسبرگ سے آنے والوں کے لیے نمایاں داخلی راستہ فراہم کیا۔ بہتر رابطوں کی بحالی سے ثقافتی سرگرمیوں، دفاتر، رہائش اور عوامی مقامات کے لیے علاقے کی اہمیت میں اضافہ ہوا۔

رئیل اسٹیٹ کے نقطہ نظر سے یہ منصوبہ اس بات کی مثال ہے کہ سٹریٹجک پبلک انفراسٹرکچر کسی نظر انداز شدہ شہری علاقے میں سرمایہ کاری کرنے کیلئے کس قدر مفید اور ضروری ہوتا ہے۔ نقل و حمل میں بہتر ی اور منزل تک جلد رسائی سے کمرشل پراپرٹیز کے اطراف سرگرمیاں بڑھانے، رہائشی منصوبوں کی حوصلہ افزائی کرنے اور پرانے اندرون شہر علاقوں میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے میں مدد ملتی ہے۔

20 جولائی 2003 کا افتتاح اس حقیقت کی مثال بن گیا کہ ایک پل محض دو علاقوں کو آ پس میں نہیں ملاتا بلکہ درست شہری منصوبہ بندی کے ساتھ وہ منقسم زمین، کمزور ہوتی پراپرٹی مارکیٹ اور نظر انداز کیے گئے علاقوں اور محلوں کو نئی معاشی شناخت بھی دے سکتا ہے۔

▪️ سید شایان ریئل اسٹیٹ آرکائیو

▪ حوالہ جات:

نیلسن منڈیلا فاؤنڈیشن، سٹی آف جوہانسبرگ، جوہانسبرگ ڈیولپمنٹ ایجنسی اور جنوبی افریقی سیاحت۔
Views
8