Home
پبلشنگ کی تاریخ: 18 فروری, 2026
مطالعہ کا دورانیہ: ⏱ 8 منٹ
Image

پنجاب میں ٹریفک چالانوں کی بڑھتی ہوئی شرح: کیا یہ عوام کی اصلاح کے لیے ہیں یا یہ نیا ریونیو ماڈل ہے؟

پنجاب حکومت نے 2025 میں صرف چالانوں کی مد سے 6 ارب روپے کی خطیر رقم اکٹھی کی ہے اور دوسری طرف اسی مالی سال میں پنجاب میں ٹریفک حادثات میں تقریباً پانچ ہزار لوگوں کی اموات اور 5 لاکھ 70 ہزار کے قریب زخمی رپورٹ ہوئے، جن میں تقریباً 2 لاکھ 48 ہزار شدید زخمی شامل تھے۔


اعداد و شمار یہ ظاہر کرتے ہیں کہ پنجاب میں معمولی ٹریفک غلطیوں پر بھی انتہائی سنگین جرمانے عائد کیے جا رہے ہیں۔ محض لاہور شہر میں ڈرائیونگ بیلٹ نہ پہننے پر دس ہزار روپے جرمانہ اور غلط موڑ کاٹنے پر آٹھ ہزار روپے جرمانہ کیا جاتا ہے۔ لیکن اس کے ساتھ یہ سوال بھی اتنی ہی شدت سے اٹھ رہا ہے کہ پھر حکومت اپنی بنیادی ذمہ داری کہاں تک پوری کر رہی ہے۔


اگر بے شمار سڑکوں اور چوکوں پر واضح ٹریفک سائن، لین مارکنگ، اسپیڈ لِمٹ بورڈز اور وارننگ اشارے سرے سے موجود ہی نہیں، تو ایک ڈرائیور کو کیسے معلوم ہو کہ اگلے چوک پر اسے سیدھا جانا ہے، مڑنا ہے یا رفتار کم کرنی ہے؟ ہر چوک یا کراسنگ پر اگر کیمرے بڑی سنجیدگی اور اہتمام سے لگائے جا سکتے ہیں تو پھر اس کے ساتھ ٹریفک سائن کیوں نہیں لگائے جا رہے؟


قانون کا تقاضا یہ ہے کہ پہلے ریاست محفوظ اور واضح انفراسٹرکچر فراہم کرے، سڑکوں کو معیاری بنائے، Signage مکمل کرے اور شہریوں کو درست رہنمائی دے۔ اس کے بعد سخت نفاذ اور جرمانے مؤثر ہوتے ہیں، اور لوگ انہیں خوش دلی سے قبول بھی کرتے ہیں۔


میرے قارئین کے لیے یہ بات قابل غور ہے کہ مالی سال جولائی 2025 سے جون 2026 کے لیے پنجاب حکومت نے بجٹ دستاویزات میں یہ ہدف رکھا ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس فیس اور ٹریفک چالانوں سے مجموعی طور پر 30.5 ارب روپے ریونیو اکٹھا کیا جائے گا۔ اس میں سے ٹریفک چالانوں کے ذریعے تقریباً 11.2 ارب روپے حاصل کرنے کا تخمینہ بھی شامل ہے۔


اگر بجٹ میں یہ درج ہو کہ صرف ٹریفک چالانوں سے 11.2 ارب روپے حاصل کیے جائیں گے تو لازماً یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ ہماری منتخب حکومت کی ترجیح کیا ہے؟
اصولی طور پر ٹریفک جرمانے ایک ڈیٹرنس ٹول (Deterrence Tool) یعنی خلاف ورزی روکنے کا ذریعہ ہوتے ہیں، مستقل آمدنی کا ماڈل نہیں۔ جب انہیں باقاعدہ ریونیو ہدف کی شکل دی جائے تو عوام میں یہ تاثر جنم لیتا ہے کہ حکومت کو عوام کی جان کی حفاظت سے زیادہ غرض ریونیو اکٹھا کرنے اور ان کی جیب سے رقم نکلوانے میں دلچسپی ہے۔


حکومتیں اگر اپنے سالانہ بجٹ میں جرمانوں (Challans) سے حاصل ہونے والی رقم کو بھی آمدنی شمار کرنے لگیں اور انہیں “Non-Tax Revenue” کے خانے میں رکھنا شروع کر دیں تو یہ انتہائی تشویش کی بات ہے۔ اگر پولیس یا متعلقہ اداروں کو مخصوص مالی ہدف دیا جائے کہ انہیں اتنی رقم جرمانوں کی صورت میں جمع کرنی ہے تو ان کی ترجیح بدل سکتی ہے۔ اس صورت میں ان کی توجہ ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر رکھنے، خطرناک ڈرائیونگ کو بروقت روکنے اور حادثات کی روک تھام پر کم اور زیادہ سے زیادہ چالان کرنے پر زیادہ ہو سکتی ہے، اور یوں سڑکوں پر حادثات کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔


میرے اس مؤقف کو سمجھنے کے لیے سب سے مضبوط حوالہ وہ سالانہ اعداد و شمار ہیں جو ریسکیو 1122 نے جاری کیے۔ ان کے مطابق سال 2023 میں 420,387 حادثات اور 3,967 اموات رپورٹ ہوئیں، 2024 میں یہ تعداد بڑھ کر 467,561 حادثات اور 4,139 اموات تک پہنچ گئی، جبکہ 2025 میں مزید اضافہ ہو کر 482,870 حادثات اور 4,791 اموات ریکارڈ کی گئیں۔ یہ اعداد و شمار صوبائی ایمرجنسی سروس اور ریسکیو ریکارڈ پر مبنی ہیں اور صرف رپورٹ شدہ واقعات تک محدود ہیں، جبکہ غیر رپورٹ شدہ حادثات شامل نہیں۔ اس لیے حقیقی صورت حال اس سے زیادہ سنگین ہو سکتی ہے۔


اگر انہی رپورٹ شدہ سالانہ اعداد و شمار کو روزانہ اوسط میں تبدیل کریں تو اس صوبے میں ٹریفک حادثات کی صورتحال اور گھمبیر ہو جاتی ہے۔


سال 2023
420,387 حادثات کا مطلب تقریباً 1,151 حادثات روزانہ
3,967 اموات کا مطلب تقریباً 11 اموات روزانہ
سال 2024
467,561 حادثات کا مطلب تقریباً 1,281 حادثات روزانہ
4,139 اموات کا مطلب تقریباً 11 سے 12 اموات روزانہ
سال 2025
482,870 حادثات کا مطلب تقریباً 1,323 حادثات روزانہ
4,791 اموات کا مطلب تقریباً 13 اموات روزانہ


یعنی سادہ الفاظ میں کہا جائے تو پنجاب میں آج روزانہ اوسطاً 1,200 سے 1,300 کے درمیان حادثات ہو رہے ہیں اور تقریباً 11 سے 13 افراد روزانہ جان سے جا رہے ہیں۔
یہ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ سخت جرمانوں اور انفورسمنٹ کے باوجود ٹریفک سیفٹی کا شدید بحران نہ صرف برقرار ہے بلکہ اس میں ہر سال مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔


اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ موجودہ پنجاب حکومت کے اقدامات اور غیر معمولی حد تک سخت جرمانوں کے باوجود سڑکوں پر وہ بہتری نمایاں نہیں ہو سکی جس کی توقع وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے کی جا رہی تھی۔
مئی 2025 میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانوں میں دس گنا تک اضافے کی منظوری دی اور متعلقہ حکام کو فوری عملدرآمد کی ہدایت جاری کی۔ بعد ازاں عوام کو یہ یقین دلایا گیا کہ اس اقدام کا مقصد روڈ سیفٹی کو بہتر بنانا، ٹریفک نظم و ضبط کو مضبوط کرنا اور قوانین پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانا ہے۔


میں سمجھتا ہوں کہ اگر حکومت واقعی اپنے شہریوں کی روڈ سیفٹی میں سنجیدہ ہے تو اسے ایک Balanced Approach اپنانی ہوگی۔ صرف سخت جرمانے بڑھا دینا مسئلے کا مکمل حل نہیں ہو سکتا۔ ٹریفک انجینئرنگ کو ترجیح دیتے ہوئے پہلے سڑکوں کی حالت، لین مارکنگ، واضح Signage اور چوکوں کی ڈیزائننگ کو بہتر بنانا ضروری ہے۔ اس کے ساتھ Graduated Fining کا نظام متعارف کرایا جا سکتا ہے جس میں پہلی خلاف ورزی پر وارننگ یا معمولی جرمانہ ہو اور بار بار خلاف ورزی پر سخت سزا دی جائے۔


یہ بھی یقینی بنایا جائے کہ چالانوں سے حاصل ہونے والے ریونیو کے استعمال میں مکمل Transparency ہو، اور عوام کے سامنے یہ رکھا جائے کہ یہ رقم صرف اور صرف سڑکوں کی بہتری، جدید ٹریفک انجینئرنگ، واضح Signage، مضبوط ایمرجنسی سسٹم اور ایمبولینس سروس پر خرچ ہو رہا ہے۔


جب شہری اپنی آنکھوں سے دیکھیں گے کہ ان سے وصول کی گئی رقم براہ راست ان کی حفاظت اور سہولت پر لگ رہی ہے تو ریاست پر اعتماد بحال ہوگا، ورنہ جرمانے اصلاح کے بجائے محض وصولی کا ذریعہ محسوس ہوتے رہیں گے۔


لیکن اس وقت سوال یہ ہے کہ کیا موجودہ حالات میں شہریوں کے پاس کوئی مؤثر Legal Remedy یا پبلک فورم موجود ہے جہاں وہ اس پالیسی کو چیلنج کر سکیں، یا پھر یہ جرمانے اب مستقل Policy Framework کی صورت اختیار کر چکے ہیں؟


لیکن اصل سوال میری نظر میں اس وقت یہ ہے کہ ایک عام شہری ان حالات میں آخر جائے کہاں؟ اگر اسے یہ محسوس ہو کہ جرمانوں کا یہ سلسلہ غیر منصفانہ ہے تو کیا اس کے پاس کوئی مؤثر قانونی راستہ ہے جہاں وہ اپنی بات کہہ سکے؟ کیا کوئی ایسا عوامی فورم موجود ہے جہاں اس پالیسی پر کھل کر بحث ہو سکے اور اسے چیلنج کیا جا سکے؟ یا پھر ان جرمانوں کے سامنے اسے اپنا سر خم کرنا پڑے گا؟

1
Views
17
1

مزید زمینی حقائق

Image

ثابت کیا جاۓ کہ نیٹ میٹرنگ توانائی بحران کی اصل وجہ ہے. حکومت اعداد و شمار شائع کرے۔

پاکستان میں آج کل بجلی اور سولر کے معاملے پر جو بحث جاری ہے، اسے بہتر طور پر سمجھنے کے لیے ہمیں اسپین کے سولر بحران کا مطالعہ ایک اہم مثال فراہم کرتا ہے۔ یہ واقعہ آج بھی دنیا بھر کے پالیسی سازوں کے...


Image

مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ نیٹ میٹرنگ پالیسی میں تبدیلی پر چیئرمین نیپرا کو گرفتار کیا جائے

سینیٹر علی ظفر نے کہا کہ چیئرمین نیپرا کو سینیٹ میں طلب کیا جائے اور انہیں جیل بھیجا جائے، کیونکہ ان کے بقول وہ ایک خودمختار ریگولیٹر کے طور پر کام کرنے کے بجائے حکومتی ہدایات کے تحت فیصلے کر رہے ہ...


Image

اسلام آباد میں 80 ہزار سے زائد درختوں کی کٹائی کا معاملہ:

اسلام آباد میں پولن الرجی کے مسئلے کے خاتمے کے لیے اس وقت پیپر ملبری( جنگلی شہتوت) کے درختوں کی کٹائی ہر ایک بڑی اور متنازع مہم جاری ہے۔ اور عدالتی اور عوامی سطح پر بحث کا باعث بنی ہوئی ہے، کیونک...


Image

پائپ لائن گیس یا سلنڈر گیس؟

▫️ ہم ایک مضبوط پائپ لائن نیٹ ورک سے غیر محفوظ سلنڈر کلچر کی طرف کیوں جا رہے ہیں؟ ▫️ دنیا کے بیشتر ترقی یافتہ ممالک میں رہائشی گھروں کے اندر گیس سلنڈر رکھنا سخت ضابطوں کے تحت محدود یا عملاً ممنوع ...


Image

پنجاب میں شہروں کی زوننگ تبدیل کر کے دولت بنانے کا نیا کھیل: کس کو فائدہ، کس کو نقصان؟

ریذیڈنشل علاقوں کو کمرشل میں بدلنے کا کاروبار کون فیصلے کر رہا ہے؟ کون فائدہ اٹھا رہا ہے؟ اس کا شہر پر، ٹریفک پر، اور عام شہری پر کیا اثر ہو رہا ہے ایک رہائشی علاقے میں سرکاری و کمرشل دفاتر کا ق...


مصنف کے سب سے زیادہ پڑھے جانے والے آرٹیکلز

Article Image

سمجھدار قیادت گالی کا جواب کبھی طاقت یا سختی سے نہیں، عقلمندی سے دیتی ہے۔

لاہوری چاچا، ایک شخص نہیں، ایک استعارہ بن گیا ہے، ایک ایسا آئینہ جس میں بہت سے من چلے اور مایوس افراد اپنا چہرہ دیکھ رہے ہیں۔


Article Image

دریا کی زمین ۔ پہلی قسط

لاہور میں دریا کی زمین (River Bed) پر ہاؤسنگ اسکیمیں بنانے کا انکشاف ▫️پارک ویو سوسائٹی اور Ruda (راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی) کی منظور شدہ سوسائیٹیز کا مستقبل کیا ہے؟


Article Image

کیا قربانی جانوروں کی نسل کو خطرے میں ڈال رہی ہے یا ان کی افزائش میں مدد دیتی ہے؟

پاکستان میں ہر سال عید الاضحیٰ کے موقع پر لاکھوں جانور قربان کیے جاتے ہیں۔ سال 2024 میں، پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن کے مطابق تقریباً 68 لاکھ (6.8 ملین) جانور قربان کیے گئے، جن کی تفصیل درج ذیل ہے: