Home
Image
🔘 پنجاب حکومت کے ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ پروگرام کو مسقط میں ملنے والا عالمی ہاؤسنگ ایوارڈ، جسے مریم نواز شریف نے وصول کیا تھا، کیا اس کے اصل حقدار عمران خان تھے؟
 
▫
سرکاری ریکارڈ سے واضح ہوتا ہے کہ بلاسود ہاؤسنگ قرضوں، مائیکرو فنانس اور PHATA کے ذریعے رہائشی منصوبوں کا نظام عمران خان کے دور میں بھی موجود تھا۔ مریم نواز شریف کی حکومت نے قرض کی حد اور شرائط میں تبدیلیاں ضرور کیں، لیکن اس تصور کو مکمل طور پر مریم نواز حکومت سے جوڑنا حقائق سے مطابقت نہیں رکھتا۔ اس لیے یہ سوال اپنی جگہ موجود ہے کہ آیا مریم نواز شریف کی حکومت نے رہائشی قرضوں کا کوئی بالکل نیا نظام متعارف کرایا، یا سابقہ حکومت کے قائم کردہ ہاؤسنگ فنانس کے تصور کو نئی شرائط اور نئے نام کے ساتھ آگے بڑھایا؟
 
زمینی حقائق 🌴 سید شایان کا کالم
 
5 اکتوبر 2026 کو اقوامِ متحدہ کے ادارے UN-Habitat نے مسقط میں پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی (PHATA) کو ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ پروگرام کے لیے Scroll of Honour Award دیا۔ یہ ایوارڈ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے وصول کیا۔ (واضح رہے کہ یہ کوئی روایتی ٹرافی نہیں بلکہ Scroll of Honour کی اعزازی شیلڈ (Plaque) ہوتی ہے)
اس اعزاز کے بعد ایک سیاسی بحث نے بھی جنم لیا کہ جب عمران خان کے دورِ حکومت میں بھی اپنی زمین رکھنے والے کم آمدن خاندانوں کو گھروں کی تعمیر کے لیے قرضوں کی فراہمی کا منصوبہ متعارف کرایا جا چکا تھا تو موجودہ پنجاب حکومت اس پروگرام کا سارا کریڈٹ اپنے نام کیسے کر سکتی ہے؟
ناقدین کا مؤقف تھا کہ اس منصوبے کی بنیاد سابق وزیراعظم عمران خان کے دور میں رکھی گئی تھی، لہٰذا اس کا اصل کریڈٹ بھی انہیں دیا جانا چاہیے۔ اس بحث پر پنجاب کی وزیرِ اطلاعات عظمیٰ بخاری نے بھی ردعمل دیا۔
 
انہوں نے 7 اکتوبر 2026 کی پریس کانفرنس میں عمران خان کے دور کے ہاؤسنگ ماڈل کو بنیادی طور پر مورگیج اور بینک فنانسنگ سے منسوب کرتے ہوئے مریم نواز شریف کے ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ پروگرام کو اس سے مختلف قرار دیا۔ لیکن معاملہ یہیں ختم نہیں ہوا۔
10 اکتوبر 2026 کو عظمیٰ بخاری نے روزنامہ The Nation میں اپنے نام سے ایک مضمون لکھا، جس کا عنوان تھا: “Apni Chhat Apna Ghar: Maryam Nawaz makes history with global recognition”۔ یہی مضمون دیگر اخبارات میں بھی شائع ہوا۔ اس تحریر میں انہوں نے سابقہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے یہاں تک مؤقف اختیار کیا کہ وہ اپنے دور میں ایسا پروگرام کاغذ پر بھی قائم نہیں کر سکی۔
 
میں ایک عرصے سے پاکستان میں مختلف حکومتوں کے رہائشی منصوبوں اور ہاؤسنگ فنانس پالیسیوں کا مشاہدہ اور تجزیہ کرتا آ رہا ہوں، خصوصاً اس پہلو سے کہ حکومتوں کی تبدیلی کے بعد یہ منصوبے کس انجام کو پہنچتے ہیں۔
میرے مشاہدے میں ایسے بے شمار واقعات ہیں جن میں بعض خاندان اقساط ادا نہ کر سکے تو ان کے گھر نیلام ہو گئے، جبکہ بعض کی جمع پونجی رہائشی منصوبوں میں پھنس گئی اور وہ برسوں عدالتوں کے چکر لگاتے رہے۔
پنجاب حکومت کی جانب سے عالمی ہاؤسنگ ایوارڈ کی غیر معمولی تشہیر اور خصوصاً وزیرِ اطلاعات عظمیٰ بخاری کے بیانات نے مجھے اس معاملے کی حقیقت جاننے پر آمادہ کیا۔ تقریباً ایک ماہ تک سرکاری ریکارڈ اور متعلقہ دستاویزات کا جائزہ لینے کے بعد میں جس نتیجے پر پہنچا ہوں وہ اصل حقائق میں اب اپنے  قارئین کے سامنے رکھ رہا ہوں۔
 
میری تحقیق کس حد تک کامیاب رہی، اس کا فیصلہ آپ خود کیجیے۔
عمران خان نے 2018 کے عام انتخابات سے قبل ملک بھر میں پانچ سال کے دوران پچاس لاکھ گھر تعمیر کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ اقتدار سنبھالنے کے بعد 10 اکتوبر 2018 کو انہوں نے باقاعدہ طور پر نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کا آغاز کیا، جس کا بنیادی مقصد کم آمدن والے خاندانوں کو سستی رہائش فراہم کرنا تھا۔
اس پروگرام کے تحت آٹھ بنیادی اقدامات طے کیے گئے:
 
1. سرکاری زمینوں کی نشاندہی اور رہائشی منصوبوں کے لیے ان کی دستیابی۔
2. کم آمدن والے خاندانوں کے لیے کم لاگت مکانات کی تعمیر۔
3. رہائشی منصوبوں میں بنیادی شہری سہولتوں اور انفراسٹرکچر کی فراہمی۔
4. نجی شعبے کی شمولیت اور سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی۔
5. سرکاری و نجی شعبے کی شراکت داری کے ذریعے رہائشی منصوبوں کی ترقی۔
6. گھروں کی خریداری یا تعمیر کے لیے رعایتی ہاؤسنگ فنانس کی سہولت فراہم کرنا۔
7. خواتین، بیواؤں، کم آمدن خاندانوں اور روایتی ہاؤسنگ فنانس سے محروم طبقات کو رہائشی سہولتوں کی فراہمی۔
8. ہاؤسنگ پروگرام کے لیے درخواستوں، رجسٹریشن اور مستحقین کے ریکارڈ کو ڈیجیٹل نظام کے ذریعے منظم کرنا۔
 
اسی سلسلے میں اکتوبر 2020 میں ’’میرا پاکستان، میرا گھر‘‘ (Mera Pakistan Mera Ghar) کے نام سے ایک رعایتی ہاؤسنگ فنانس اسکیم بھی متعارف کرائی گئی، جس کے تحت پہلی مرتبہ گھر خریدنے یا اپنی زمین پر مکان تعمیر کرنے والے اہل شہریوں کو بینکوں کے ذریعے رعایتی شرحِ منافع پر قرضوں کی سہولت فراہم کی گئی۔
پنجاب میں نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام پر عمل درآمد کی اہم ذمہ داریاں پہلے سے قائم سرکاری ادارے پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی (PHATA) کو سونپی گئیں۔ فاٹا نے سرکاری زمینوں پر مکانات کی تعمیر، نجی شعبے کے تعاون سے سستی رہائش کی فراہمی اور سرکاری و نجی شراکت داری کے منصوبوں پر کام شروع کیا۔ اس سلسلے میں Affordable Private Housing Schemes Rules 2020 بھی وضع کیے گئے۔ عالمی بینک کی مئی 2020 کی دستاویز کے مطابق پنجاب میں چھ سرکاری مقامات پر تقریباً تین ہزار رہائشی یونٹس کی تعمیر بھی شروع ہوئی۔
 
اس سلسلے میں ایک اہم پیش رفت 10 مارچ 2022 کو سامنے آئی، جب عالمی بینک نے پنجاب افورڈایبل ہاؤسنگ پروگرام (Punjab Affordable Housing Program) کے لیے 200 ملین امریکی ڈالر کی فنانسنگ منظور کی۔ اس پروگرام کا مقصد کم آمدن والے خاندانوں کے لیے سستی رہائش کی فراہمی، نجی شعبے کی سرمایہ کاری اور متعلقہ اداروں کی استعداد میں اضافہ تھا۔
عالمی بینک نے اس پروگرام کو نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت مستحق خاندانوں کے لیے سبسڈی کے نظام کو بہتر بنانے سے بھی منسلک کیا۔ یوں سرکاری قواعد، تعمیراتی سرگرمیوں، عوام کے لیے ہاؤسنگ فنانس اسکیم اور عالمی بینک کی منظور شدہ فنانسنگ سے یہ واضح ہوتا ہے کہ عمران خان کے دور میں کم لاگت رہائش کا منصوبہ محض انتخابی وعدے یا کاغذی اعلان تک محدود نہیں رہا تھا، اگرچہ اس کی حقیقی کامیابی کا اندازہ مکمل ہونے والے مکانات اور مستفید خاندانوں کی تعداد ہی سے لگایا جا سکتا ہے۔
اس کے علاوہ ہم یہ بھی دیکھتے ہیں کہ نومبر 2019 میں عمران خان کی وفاقی حکومت نے بلاسود مائیکرو فنانس فراہم کرنے والے ادارے اخوت کے ساتھ پانچ ارب روپے کے ہاؤسنگ قرضوں کا معاہدہ کیا۔

 فروری 2020 میں پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی (PHATA) اور اخوت کے درمیان مفاہمتی یادداشت طے پائی، جبکہ مئی 2021 کے معاہدے کا ذکر آڈیٹر جنرل کی رپورٹ اور اس سے متعلق اقدامات کا حوالہ مارچ 2022 کی عالمی بینک کی دستاویز میں بھی ملتا ہے۔ یہ شواہد ظاہر کرتے ہیں کہ اپنی زمین پر گھر تعمیر کرنے کے لیے بلاسود قرضوں کا انتظام مریم نواز شریف کے اقتدار میں آنے سے پہلے موجود تھا۔
اب عظمیٰ بخاری سے ایک سیدھا سوال ہے: کیا وہ ان سرکاری معاہدوں کے وجود سے انکار کرتی ہیں؟ اگر نہیں، تو پھر سابقہ حکومت کے پورے ہاؤسنگ ماڈل کو صرف مورگیج فنانسنگ قرار دینے کی کیا توجیہ ہے؟
اگست 2024 میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ پروگرام شروع کیا۔ اس پروگرام میں بھی کم آمدن خاندانوں کے لیے سستی رہائش کی فراہمی اور اپنی ملکیتی زمین پر گھر تعمیر کرنے کے لیے بلاسود قرضوں کو بنیادی اہمیت دی گئی۔ قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ دونوں حکومتوں کے ہاؤسنگ اقدامات میں پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی (PHATA) کا مرکزی کردار رہا۔

 عمران خان کے دور میں بھی PHATA کے ذریعے بلاسود ہاؤسنگ قرضوں اور کم لاگت رہائشی منصوبوں پر کام ہوا، جبکہ مریم نواز شریف کی حکومت نے بھی اسی ادارے کو اپنے پروگرام کے نفاذ کی ذمہ داری سونپی۔ سابقہ دور میں وضع کردہ Affordable Private Housing Scheme Rules 2020 بھی موجودہ پروگرام کے نجی ہاؤسنگ ماڈل کے قانونی و انتظامی ڈھانچے کا حصہ رہے۔
مریم نواز شریف کے ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ پروگرام کے آٹھ اہم اقدامات درج ذیل ہیں:
 
1. سرکاری زمینوں کی نشاندہی اور کم آمدن خاندانوں کے رہائشی منصوبوں کے لیے ان کا استعمال۔
2. کم آمدن خاندانوں کے لیے کم لاگت مکانات کی تعمیر اور فراہمی۔
3. رہائشی منصوبوں میں بنیادی شہری سہولتوں اور ضروری انفراسٹرکچر کی فراہمی۔
4. رہائشی منصوبوں میں نجی شعبے کی شمولیت اور سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی۔
5. سرکاری و نجی شعبے کی شراکت داری کے ذریعے رہائشی منصوبوں کی ترقی۔
6. اپنی ملکیتی زمین پر گھر تعمیر کرنے کے لیے پندرہ لاکھ روپے تک بلاسود قرضوں کی فراہمی۔
7. خواتین، بیواؤں، کم آمدن خاندانوں اور روایتی ہاؤسنگ فنانس سے محروم طبقات کو رہائشی سہولتوں کی فراہمی۔
8. ہاؤسنگ پروگرام کے لیے درخواستوں، رجسٹریشن اور مستحقین کے ریکارڈ کو ڈیجیٹل نظام کے ذریعے منظم کرنا۔
 
اگر قارئین عمران خان حکومت کے ہاؤسنگ پروگرام کے آٹھ بنیادی نکات اور مریم نواز شریف کے ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ پروگرام کے آٹھ نکات کا بغور مطالعہ کریں تو دونوں میں حیران کن حد تک مماثلت نظر آتی ہے۔
بظاہر یوں محسوس ہوتا ہے جیسے ایک ہی تصور کو دو مختلف نام دے دیے گئے ہوں۔ البتہ قرض کی حد میں ایک نمایاں تبدیلی ضرور نظر آتی ہے۔ سابقہ دور میں اخوت کے ساتھ معاہدے میں بلاسود قرض کی حد دس لاکھ روپے تک رکھی گئی تھی، جبکہ موجودہ پروگرام میں پندرہ لاکھ روپے تک قرض فراہم کیا جاتا ہے۔ قرض کی واپسی کے طریقہ کار کا جائزہ لیا جائے تو عمران خان کے دور میں وفاقی حکومت اور اخوت کے نومبر 2019 کے انتظام میں ماہانہ اقساط کے ذریعے دو سے پانچ سال کی مدت مقرر تھی، جبکہ عالمی بینک کی فروری 2022 کی دستاویز کے مطابق پنجاب میں PHATA اور اخوت کے قرضہ انتظام میں واپسی کی مدت بارہ سال تھی۔ مریم نواز شریف کے پروگرام میں ابتدا میں سات سال کی مدت رکھی گئی، جسے بعد میں نو سال تک بڑھانے کا اعلان ہوا۔ اس طرح قرض کی حد اور واپسی کی شرائط میں فرق ضرور موجود ہے، لیکن
 دونوں پروگراموں کے بنیادی تصور اور متعدد اقدامات میں نمایاں مماثلت دکھائی دیتی ہے۔
 
اس پورے معاملے کا سب سے دلچسپ پہلو یہ ہے کہ اقوام متحدہ نے ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ پروگرام کو جن بنیادوں پر عالمی اعزاز دیا، ان کا جائزہ لیا جائے تو حیرت انگیز طور پر ان میں بیشتر خصوصیات عمران خان حکومت کے ہاؤسنگ پروگرام میں بھی موجود نظر آتی ہیں۔
قارئین خود اقوام متحدہ کا اصل اعلامیہ (ماخذ: UN-Habitat، 5 اکتوبر 2026) پڑھ کر دونوں پروگراموں کی مماثلت دیکھ سکتے ہیں۔
اس سے یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ اس کامیابی کا اصل کریڈٹ کس کو جاتا ہے؟
میرے نزدیک اس کا بنیادی کریڈٹ پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی (PHATA) کو ملنا چاہیے، جس نے مختلف حکومتوں کے ادوار میں ہاؤسنگ پالیسیوں کے تسلسل اور موجودہ پروگرام کے نفاذ میں کردار ادا کیا۔
 
اہم بات یہ ہے کہ اقوام متحدہ نے بھی یہ اعزاز کسی سیاسی شخصیت کے بجائے PHATA کو دیا، جسے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے وصول کیا۔ تاہم پنجاب حکومت کا یہ کہنا کہ اقوام متحدہ نے مریم نواز کو یہ ایوارڈ دیا، حقائق کے منافی بات ہے۔
14 ستمبر 2026 کو اقوامِ متحدہ کے ادارے UN-Habitat نے باضابطہ خط کے ذریعے پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی (PHATA) کو مطلع کیا کہ اس کے ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ پروگرام کو Scroll of Honour Award 2026 کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔
اس خط میں اعزاز حاصل کرنے والے ادارے کا نام PHATA تھا، مریم نواز شریف کا نہیں۔ لیکن 3 اکتوبر 2026 کو پنجاب حکومت کے سرکاری ہینڈ آؤٹ کی بنیاد پر سرکاری خبر رساں ادارے APP نے یہ الفاظ شائع کیے:
 
“The award will be presented to CM Maryam Nawaz Sharif at a ceremony.”
یعنی ’’یہ ایوارڈ ایک تقریب میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو پیش کیا جائے گا۔‘‘
اب 5 اکتوبر کو مسقط میں ہونے والی اصل تقریب کا ریکارڈ بھی ملاحظہ کیجیے۔ اقوامِ متحدہ کے نمائندے نے واضح اعلان کیا:
 
“Our first award goes to the Punjab Housing and Town Planning Agency of Lahore, Pakistan, represented today by Ms. Maryam Nawaz Sharif”
یعنی ’’ہمارا پہلا ایوارڈ پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی کو دیا جاتا ہے۔‘‘ اس کے بعد مریم نواز شریف کو اس ادارے کی نمائندہ کے طور پر متعارف کرایا گیا۔
گویا اقوامِ متحدہ کی اصل دستاویز، اعزاز یافتگان کی فہرست اور تقریب کا اعلان تینوں اس حقیقت کی تصدیق کرتے ہیں کہ ایوارڈ تکنیکی طور پر PHATA کو ملا تھا، مریم نواز شریف کو ذاتی حیثیت میں نہیں۔
وزیراعلیٰ کا اپنے صوبائی ادارے کی نمائندگی کرتے ہوئے عالمی اعزاز وصول کرنا ایک معمول کی بات ہے، لیکن سوال یہ ہے کہ پنجاب حکومت کی سرکاری تشہیر میں اعزاز حاصل کرنے والے ادارے اور اسے وصول کرنے والی شخصیت کے درمیان فرق پوری وضاحت سے کیوں بیان نہیں کیا گیا؟
 
بار بار یہ تاثر دیا گیا کہ یہ اعزاز مریم نواز شریف کی ذاتی کاوشوں اور ان کے ویژن کا اعتراف ہے۔ یہاں تک کہ اس پروگرام کو نواز شریف کے ویژن سے بھی منسوب کیا گیا، حالانکہ اس دعوے کی تائید میں کوئی واضح تاریخی یا دستاویزی حوالہ سامنے نہیں آتا۔
جب سرکاری ریکارڈ سے ثابت ہوتا ہے کہ اس نوعیت کے ہاؤسنگ اقدامات، بلاسود قرضوں کا انتظام پہلے سے موجود تھا تو پھر سابقہ حکومت کے کردار کو تسلیم کرنے میں کیا قباحت ہے؟
اصول بالکل سادہ ہے: ’حق بہ حق را‘ یعنی جس کا جو حق ہے، اسے دیا جائے۔ سیاسی تشہیر کے لیے تاریخ کو نئے سرے سے لکھنے کے بجائے حقائق کا اعتراف کیا جانا چاہیے۔
 
پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی (PHATA) کوئی نیا ادارہ نہیں، نہ ہی اس کی تاریخ مریم نواز شریف کے اقتدار سے شروع ہوتی ہے۔ یہ پنجاب کا مستقل سرکاری ادارہ ہے جو سابقہ حکومتوں کے دور میں بھی ہاؤسنگ منصوبوں پر کام کرتا رہا ہے۔ اس لیے اس کے عالمی اعزاز کو بیان کرتے وقت اس محکمے کی شناخت اور تاریخی کردار کو نظرانداز نہیں کیا جانا چاہیے تھا۔
اس معاملے میں پنجاب کی وزیرِ اطلاعات عظمیٰ بخاری کا کردار بھی کئی سوالات پیدا کرتا ہے۔ محکمہ اطلاعات کی بنیادی ذمہ داری عوام کو درست، مکمل اور قابلِ اعتماد معلومات فراہم کرنا ہے، نہ کہ سرکاری تشہیر کے ذریعے حقائق کا ایک مخصوص سیاسی تاثر قائم کرنا۔
 
عظمیٰ بخاری نے اس پروگرام کی کامیابیوں اور مریم نواز شریف کی قیادت کو تو بار بار نمایاں کیا، لیکن انہیں سابقہ حکومت کے ہاؤسنگ اقدامات اور PHATA کے محکمے کو بھی اسی وضاحت سے سامنے لانا چاہیے تھا۔
جب اقوام متحدہ نے اعزاز حاصل کرنے والے ادارے کا نام واضح طور پر PHATA لکھا ہے تو سرکاری تشہیر میں بھی یہی فرق نمایاں ہونا چاہیے تھا۔ محکمہ اطلاعات کو اپنے طرزِعمل پر نظرثانی کرنی چاہیے، کیونکہ سرکاری اطلاعات کی ساکھ سیاسی وابستگی سے نہیں بلکہ حقائق کی درست اور غیر جانب دارانہ ترجمانی سے قائم ہوتی ہے۔
0
Views
22
0

مزید زمینی حقائق

Image

Image

Image

Image

Image