Home
Image
🔘 مریم نواز شریف، بھنڈی اور دال کے ذائقے کا فلسفہ
▫
’اپنی چھت، اپنا گھر‘ پروگرام کی مسقط میں عالمی پذیرائی سے حسن ابدال کے ایک گھر تک
 
زمینی حقائق 🌴 سید شایان کا کالم
 
پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا “اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام ان دنوں خاصی توجہ حاصل کر رہا ہے۔ کم آمدن والے خاندانوں کو اپنا گھر تعمیر کرنے کے لیے بلاسود قرضوں کی فراہمی بلاشبہ ایک قابلِ تعریف اقدام ہے۔ پاکستان جیسے ملک میں، جہاں لاکھوں خاندان اپنی چھت کا خواب دیکھتے دیکھتے عمر گزار دیتے ہیں، کسی خاندان کو اپنا گھر بنانے کا موقع ملنا معمولی بات نہیں۔
اس پروگرام کو بین الاقوامی سطح پر بھی پذیرائی ملی ہے۔ گزشتہ ماہ، 5 اکتوبر کو مریم نواز شریف نے مسقط میں اقوام متحدہ کے ادارے برائے انسانی آبادیات (UN-Habitat) کا اسکرول آف آنر ایوارڈ 2026 (UN-Habitat Scroll of Honour Award 2026) وصول کیا۔ یہ اعزاز “اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام کے لیے دیا گیا تھا۔ کسی پاکستانی صوبے کے رہائشی منصوبے کو عالمی سطح پر اس طرح سراہا جانا یقیناً خوش آئند ہے۔
 
لیکن مسقط کے ایوارڈ سے آگے بڑھ کر ایک دلچسپ واقعہ کچھ روز قبل حسن ابدال میں پیش آیا، جو آج کل سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کر رہا ہے۔ اس واقعے کی ویڈیو وائرل ہو چکی ہے اور اس پر مختلف تبصرے اور آرا سامنے آ رہی ہیں۔
3 نومبر کو مریم نواز شریف نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ حسن ابدال کے ایک خاندان کے گھر بیٹھی کھانا کھا رہی ہیں۔ یہ گھر ریٹائرڈ حوالدار اعتبار شاہ نے “اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام کے تحت 15 لاکھ روپے کا قرض حاصل کرکے اپنے پلاٹ پر تعمیر کیا تھا۔
وزیراعلیٰ نے خاندان کو نئے گھر کی مبارک باد دی، ان کے ساتھ وقت گزارا اور گھر میں پکا ہوا کھانا بھی کھایا۔
 
4 نومبر 2026 کی ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (APP) کی رپورٹ کے مطابق مریم نواز شریف نے میزبان خاندان سے دوپہر کا کھانا کھانے کی خواہش ظاہر کی، جس پر انہیں گھر میں تازہ تیار کی گئی بھنڈی اور دال پیش کی گئی۔ جسے وزیراعلیٰ نے اہلِ خانہ کے ساتھ بیٹھ کر بڑے شوق سے کھانا کھایا۔ اس ملاقات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خاصی وائرل ہو رہی ہے۔ بعد ازاں مریم نواز شریف نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر خاندان کے لیے دعا کرتے ہوئے لکھا۔
‘اللہ ان کو ہمیشہ خوش اور آباد رکھے۔ اس سے زیادہ مزیدار بھنڈی اور دال میں نے شاید ہی کبھی کھائی ہو’
 
قدیم یونانی مصنف زینوفون (Xenophon) نے اپنی کتاب Hiero میں سسلی کے شہر سیراکیوز کے حکمران ہیرو اور شاعر و دانشور سیمونائڈیز (Simonides) کے درمیان ایک فلسفیانہ گفتگو پیش کی ہے، جس میں دسترخوان کی فراوانی، کھانوں کے ذائقے اور انسانی خواہشات پر دلچسپ بحث ملتی ہے۔ جو میں اس وقت اپنے مستقل پڑھنے والوں سے شیئر کرنا چاہتا ہوں۔
گفتگو کا اردو مفہوم کچھ یوں ہے:
سیمونائڈیز اپنے حکمران ہیرو سے کہتا ہے کہ آپ حکمرانوں کو کھانے پینے کی زیادہ اور بہتر آسائشیں حاصل ہیں۔ آپ کے دسترخوان پر عام لوگوں کی نسبت عمدہ اور مہنگے کھانے موجود ہوتے ہیں، اس لیے آپ کو زیادہ لذت حاصل ہونی چاہیے۔ اور آپ یقیناً زیادہ لطف اٹھاتے ہوں گے۔
ہیرو اس سے اختلاف کرتا ہے۔ وہ کہتا ہے کہ عام لوگ حکمرانوں کے دسترخوان کو دیکھ کر سمجھتے ہیں کہ ان کھانوں میں زیادہ لذت ہوگی، کیونکہ وہ اپنے معمول کے کھانوں کے مقابلے میں ان کھانوں کو بہتر تصور کرتے ہیں۔
 
ہیرو مزید کہتا ہے کہ عام لوگ تہواروں اور خاص مواقع پر اچھے کھانوں کے منتظر رہتے ہیں، لیکن حکمران کے دسترخوان پر ہر روز عمدہ کھانے موجود ہوتے ہیں۔ اس لیے اسے اس انتظار اور خاص موقع کی خوشی کا تجربہ نہیں ہوتا۔
سیمونائڈیز کہتا ہے کہ کم از کم کھانے کے دوران تو مہنگے اور عمدہ کھانوں سے حاصل ہونے والی لذت، سادہ اور سستے کھانوں کی لذت سے زیادہ ہوگی؟
ہیرو کہتا ہے کہ کیا تم نے نہیں دیکھا کہ حکمرانوں کے دسترخوان پر طرح طرح کی چٹنیاں، کھٹے، تیز اور مختلف ذائقوں والے لوازمات رکھے جاتے ہیں؟ یہ سب دراصل ایسی بھوک کو جگانے کی کوشش ہے جو مسلسل مرغن اور پُرتکلف کھانوں سے ماند پڑ چکی ہو۔ جسے واقعی بھوک لگی ہو، اسے ان لوازمات کی ضرورت نہیں ہوتی۔
 
پھر اس گفتگو میں ہیرو ایک نہایت معنی خیز بات کہتا ہے کہ جس شخص کو ہر وقت طرح طرح کے کھانے میسر ہوں، اس کے لیے ان کی کشش رفتہ رفتہ کم ہو جاتی ہے، جبکہ وہ غذا جو اسے کبھی کبھار نصیب ہو، انسان اسے زیادہ شوق اور لطف سے کھاتا ہے۔
ڈھائی ہزار سال گزر گئے، لیکن امیر اور عام آدمی کے دسترخوان کا فرق آج بھی ہمارے سامنے ہے۔ جس شخص کے پاس اپنی پسند کے کھانے خریدنے کی استطاعت ہی نہ ہو، اس کے لیے ذائقے کا فلسفہ کیا معنی رکھتا ہے؟ اسے تو بس اپنا پیٹ بھرنا ہوتا ہے۔
 
حسن ابدال میں ایک دن کسی کے گھر مہمان بن کر بھنڈی اور دال کھانے کا لطف اپنی جگہ، لیکن ذرا ان لوگوں سے بھی اس کا ذائقہ پوچھیے جن کے دسترخوان پر مہنگائی نے گوشت اور دوسری مرغوب غذاؤں کی آمد محدود کر دی ہے۔ اور جنہیں مہنگائی کے باعث ہر روز ایک ہی طرح کا سادہ کھانا کھانا پڑتا ہے۔ کیا ان کے لیے بھی ذائقے کا یہی فلسفہ ہے؟
ان کے لیے بھنڈی اور دال محض دو پکوان نہیں۔۔۔ صبر اور شکر کا نام ہے۔
یہاں میری بات کو وزیراعلیٰ مریم نواز شریف پر ذاتی تنقید نہ سمجھا جائے۔ انہوں نے ایک خاندان کے گھر جا کر ان کی خوشی میں شرکت کی، ان کے دسترخوان پر بیٹھ کر کھانا کھایا، اس کی تعریف کی اور میزبانوں کو عزت دی۔ یہ ایک اچھا انسانی رویہ ہے، جس کی تقلید دوسرے سیاست دانوں اور حکمرانوں کو بھی کرنی چاہیے۔ انہیں بھی عام شہریوں کے پاس جانا چاہیے اور ان کی خوشیوں میں شریک ہونا چاہیے۔
 
اسی طرح میزبان خاندان کے سادہ دسترخوان سے ان کے معاشی حالات کے بارے میں کوئی نتیجہ اخذ کرنا بھی درست نہیں ہوگا۔ انہوں نے جس محبت، خلوص اور خوش دلی سے مہمان نوازی کی، وہ ہماری معاشرتی روایات اور پاکستانی ثقافت کی خوبصورت عکاسی ہے۔ ان کا یہ طرزِ عمل بھی اتنا ہی قابلِ احترام اور قابلِ تحسین ہے جتنا وزیراعلیٰ کا ان کے گھر جانا اور ان کی مہمان نوازی قبول کرنا۔
میرے اس کالم کا مقصد میزبان اور مہمان، دونوں کے اس خوبصورت انسانی رویے کو سراہنا ہے۔ البتہ ایک لکھاری کی حیثیت سے بھنڈی اور دال کے ذائقے کی تعریف نے مجھے ڈھائی ہزار سال پہلے زینوفون کے تحریر کردہ ایک فلسفیانہ مکالمے کی یاد دلا دی، جسے آج کے معاشرتی حالات کے تناظر میں قارئین کے ساتھ شیئر کرنا مجھے بھی دلچسپ محسوس ہوا۔
0
Views
25
1

مزید زمینی حقائق

Image

Image

Image

Image

Image