سید شایان کا کالم
🌴 زمینی حقائق
31 اکتوبر کو دنیا بھر میں شہروں کا عالمی دن (World Cities Day) منایا گیا۔ اس سال کا موضوع تھا:
Regenerating the City: Adequate Housing
یعنی پرانے اور بگڑتے ہوئے شہروں کو بہتر بنانا اور ہر شہری کے لیے مناسب رہائش کا انتظام کرنا۔
چین کے شہر فوزو میں اقوامِ متحدہ کے زیرِ اہتمام مرکزی تقریب منعقد ہوئی، جہاں دنیا بھر کے ماہرین اور حکومتی نمائندوں کے سامنے اس سال سوال یہ تھا کہ پرانے اور بگڑتے ہوئے شہروں اور پستیوں کی شکار بستیوں کو دوبارہ رہنے کے قابل کیسے بنایا جائے، مناسب رہائش کی فراہمی کیسے یقینی بنائی جائے اور شہری ترقی کو موسمیاتی تبدیلی، انسانی ضروریات اور آنے والی نسلوں کے تقاضوں سے کیسے ہم آہنگ کیا جائے۔ گویا اس دن دنیا اپنے شہروں کے مسائل کا حل اور مستقبل کی تعمیر کے راستے تلاش کر رہی تھی۔
پاکستان میں بھی سندھ ماسٹر پلاننگ اتھارٹی (SMPA) نے این ای ڈی یونیورسٹی اور اقوامِ متحدہ کے ادارے UN-Habitat کے تعاون سے کراچی گالف کلب کے کنونشن سینٹر میں Sindh Cities Forum 2026 کا انعقاد کیا۔
اس تقریب سے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے خطاب کیا۔ ان کی تقریر کا نمایاں پہلو مستقبل کے شہروں کی تعمیر و ترقی کا کوئی نیا تصور پیش کرنا نہیں، بلکہ اپنے ہی صوبائی دارالحکومت کراچی کی تباہ حالیوں اور حکومتی ناکامیوں کا اعتراف تھا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے کراچی کو اپنی آنکھوں کے سامنے تیزی سے پھیلتے اور بگڑتے دیکھا ہے۔ انہوں نے شہر کی موجودہ حالت کا ذمہ دار شہری منصوبہ بندی کی ناکامیوں کو قرار دیا اور یہ بھی تسلیم کیا کہ ماضی کی حکومتوں، بشمول ان کی اپنی حکومت، سے غلطیاں ہوئی ہیں۔
تضاد ملاحظہ فرمائیے! جس روز دنیا اپنے بگڑتے ہوئے شہروں کو دوبارہ آباد کرنے، شہری زندگی کو بہتر بنانے اور مستقبل کی منصوبہ بندی پر غور کر رہی تھی، اسی روز سندھ کے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ اپنے ہی صوبائی دارالحکومت کراچی کی تباہ حال شہری منصوبہ بندی کی داستان سنا رہے تھے۔ وہ بھی ایسی تباہی کی داستان، جس میں خود ان کی حکومت کی غلطیوں کا اعتراف شامل تھا۔
کہتے ہیں، بات کرنے کا بھی ایک موقع و محل ہوتا ہے۔ یہ دیکھا جاتا ہے کہ کون سی بات، کس موقع پر، کس انداز میں اور کس مقصد کے لیے کی جا رہی ہے۔
اقوامِ متحدہ کے ادارے UN-Habitat کے تعاون سے منعقدہ اس عالمی دن کی تقریب میں وزیراعلیٰ کو اپنے صوبے کی شہری ترقی، مستقبل کے منصوبوں اور گزشتہ برسوں کی عملی کامیابیوں کو نمایاں کرنا چاہیے تھا۔
مگر یہاں تو معاملہ ہی کچھ اور تھا۔ وزیراعلیٰ سندھ شہروں کی ترقی کے عالمی دن پر حیدرآباد کے بعد اب سکھر کی سڑکوں کے درمیان کھڑے بجلی کے کھمبوں کی داستانیں سنا رہے تھے۔ کبھی کسی ادارے کے عدم تعاون کا ذکر، کبھی سڑک کی تعمیر میں حائل رکاوٹوں کا تذکرہ۔
حیرت ہے! ایک صوبے کا وزیراعلیٰ، جس کی سیاسی جماعت اٹھارہ برس سے سندھ میں برسرِ اقتدار ہے، اس بات کو انتظامی کارکردگی کے طور پر پیش کر رہا ہے کہ سڑکوں کی تعمیر اور بجلی کے کھمبوں کی منتقلی جیسے بنیادی معاملات میں بھی اداروں کے درمیان تعاون کا فقدان ہے۔
اس تقریب میں سندھ کے 31 شہروں کے ماسٹر پلانز کی پیش رفت بھی بیان کی گئی۔ بتایا گیا کہ 17 شہروں کے ماسٹر پلان مکمل ہو چکے ہیں، 14 ابھی زیرِ تکمیل ہیں، جبکہ صرف نو شہروں کے ماسٹر پلانز کے نوٹیفکیشن جاری ہوئے ہیں۔
اس ساری گفتگو کا سب سے حیرت انگیز پہلو یہ بھی ہے کہ جن 14 شہروں کے ماسٹر پلانز زیرِ تکمیل ہیں، ان میں سندھ کے دو سب سے بڑے اور اہم ترین شہر، کراچی اور حیدرآباد، بھی شامل ہیں۔
ذرا غور فرمائیے! پاکستان پیپلز پارٹی گزشتہ اٹھارہ برس سے سندھ میں برسرِ اقتدار ہے (اس دوران صرف تین نگران حکومتیں آئیں، جن میں دو تقریباً ڈھائی ڈھائی ماہ اور ایک تقریباً ساڑھے چھ ماہ کے لیے قائم رہیں)۔
اٹھارہ برس کی اس طویل حکمرانی کے باوجود صوبے کے دو اہم ترین شہروں کے نئے ماسٹر پلانز ابھی تک مکمل نہیں ہو سکے۔ تو پھر سوال یہ ہے کہ ان کی اس طویل حکمرانی کا حاصل کیا ہے؟