Home

Research & Analysis

Pakistan Administrative

تحریر: سید شایان

کیا آپ جانتے ہیں کہ پاکستان کے صوبہ پنجاب کا رقبہ گریٹ برطانیہ (Great Britain)، یعنی انگلینڈ، اسکاٹ لینڈ اور ویلز، کے مجموعی رقبے کے تقریباً برابر ہے، جبکہ آبادی کے لحاظ سے پنجاب، گریٹ برطانیہ سے تقریباً دو گنا بڑا ہے؟

کیا آپ جانتے ہیں کہ پاکستان کے صوبہ پنجاب کا رقبہ گریٹ برطانیہ (Great Britain)، یعنی انگلینڈ، اسکاٹ لینڈ اور ویلز، کے مجموعی رقبے کے تقریباً برابر ہے، جبکہ آبادی کے لحاظ سے پنجاب، گریٹ برطانیہ سے تقریباً دو گنا بڑا ہے؟

▫️پاکستانی صوبہ پنجاب دنیا کے 180 سے زیادہ ممالک سے آبادی میں بڑا ہے اور برطانیہ، فرانس، اٹلی، اسپین، کینیڈا، سعودی عرب، آسٹریلیا، جاپان، فلپائن، مصر، ویت نام اور ایران جیسے بڑے اور گنجان آباد ممالک سے بھی زیادہ آبادی (12 کروڑ 77 لاکھ) رکھتا ہے۔ ▫️آبادی کا یہ عالم ہے کہ ہمارا پیارا صوبہ پنجاب، جس کی آبادی 13 کروڑ 50 لاکھ تک جا پہنچی ہے، دنیا کے دسویں سب سے زیادہ آبادی والے ملک میکسیکو کے تقریباً برابر ہے، جس کی آبادی بھی لگ بھگ 13.5 کروڑ ہے۔ میکسیکو کو چلانے کے لیے 31 الگ ریاستیں (States) اور ایک وفاقی ضلع موجود ہے، جبکہ پنجاب کا پورا انتظامی نظام صرف ایک صوبائی مرکز، لاہور، کے زیرِ اثر ہے۔ ▫️بھارت نے 1947 کے بعد انتظامی ضرورت اور عوامی مطالبات کے تحت مختلف ادوار میں 17 نئی ریاستیں قائم کیں یا بعض علاقوں کو مکمل ریاستی درجہ دیا۔ ان میں گجرات، ہریانہ، ناگالینڈ، میگھالیہ، چھتیس گڑھ، جھارکھنڈ، اتراکھنڈ اور تلنگانہ نمایاں مثالیں ہیں۔ آج بھارت 28 ریاستوں اور 8 وفاقی اکائیوں پر مشتمل ملک ہے، جبکہ پاکستان اب بھی بنیادی طور پر صرف 4 صوبوں اور 3 وفاقی اکائیوں تک محدود ہے۔ 🔳 موضوع: آج پاکستان میں صوبوں کی نئی تقسیم کیسے ممکن ہے؟ | قسط 2 عنوان: پنجاب کو کتنے صوبوں میں تقسیم کیا جانا چاہیے؟ 🔺 قومی معاملات میں اختلافِ رائے فطری ہے، مگر مستقل انتشار کسی مسئلے کا حل نہیں۔ عوام، سیاسی جماعتوں اور ریاستی اداروں کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ سنجیدہ اور شفاف بحث کے بعد ایک واضح قومی اتفاقِ رائے تک پہنچیں۔ تحریر و تحقیق: سید شایان پچھلی قسط میں ہم نے یہ سوال اٹھایا تھا کہ عوام کی سرکاری اداروں تک آسان رسائی کے لیے صرف مضبوط بلدیاتی نظام کافی ہے یا نئے صوبے بھی ضروری ہیں۔ آج ہم اسی سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے پنجاب کو 6 نئے صوبوں میں تقسیم کرنے کے اپنے مجوزہ ماڈل اور اس کے فکری و عملی جواز (Rationale) کا جائزہ لیں گے۔ ساتھ ہی اس قسط میں یہ بنیادی سوال بھی زیرِ بحث آئے گا کہ پاکستان جیسے بڑے اور متنوع وفاق میں بہتر حکمرانی کے لیے کون سا ماڈل زیادہ مؤثر ثابت ہو سکتا ہے: 1۔ کیا موجودہ بڑے صوبے برقرار رکھے جائیں؟ 2۔ کیا موجودہ ڈویژنوں کو بااختیار انتظامی اکائیوں (Empowered Administrative Units) میں تبدیل کر دیا جائے؟ 3۔ کیا نئے صوبوں کو باقاعدہ وفاقی اکائیوں (Federating Units) کی حیثیت دی جائے؟ 4۔ یا بلدیاتی نظام (Local Government System) کے ذریعے اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کیا جائے؟ اگر ہم زمینی حقائق دیکھیں تو پنجاب کا موجودہ رقبہ 205,344 مربع کلومیٹر اور آبادی تقریباً 13 کروڑ 50 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے (2023 کی مردم شماری میں سرکاری آبادی 12 کروڑ 77 لاکھ تھی)، جو رقبے کے لحاظ سے تقریباً برطانیہ کے برابر ہے، مگر اس کی آبادی برطانیہ سے تقریباً دو گنا ہے۔ اور دنیا کے 110 سے زائد ممالک (جیسے بنگلہ دیش، جنوبی کوریا، یونان اور پرتگال) سے رقبے میں بڑا ہے۔ آبادی کے معاملے میں تو ہمارا پنجاب دنیا کے 190 سے زیادہ ممالک کو پیچھے چھوڑ دیتا ہے اور برطانیہ، فرانس، اٹلی، اسپین، کینیڈا، سعودی عرب اور آسٹریلیا جیسے متعدد بڑے ممالک سے بھی آبادی میں کہیں آگے ہے۔ یہاں تک کہ یورپ کا سب سے زیادہ آبادی والا ملک جرمنی بھی آبادی کے لحاظ سے اس کے سامنے چھوٹا نظر آتا ہے۔ جب ہم برطانیہ کا ذکر کرتے ہیں تو ہمارے ذہن میں ایک بہت بڑے ملک کا تصور ابھرتا ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ پورے گریٹ برطانیہ، یعنی انگلینڈ، اسکاٹ لینڈ اور ویلز، کا مجموعی رقبہ تقریباً 2 لاکھ 9 ہزار مربع کلومیٹر ہے، جبکہ ہمارے اکیلے پنجاب کا رقبہ تقریباً 2 لاکھ 5 ہزار مربع کلومیٹر ہے۔ یعنی رقبے کے لحاظ سے پنجاب پورے گریٹ برطانیہ کے تقریباً 98 فیصد کے برابر ہے۔ فرق یہ ہے کہ تقریباً 6 کروڑ 70 لاکھ آبادی پر مشتمل گریٹ برطانیہ نے بہتر حکمرانی، سائنس، ٹیکنالوجی، صنعت اور مضبوط اداروں کی بدولت خود کو دنیا کی بڑی معاشی طاقتوں میں شامل کر رکھا ہے، جبکہ تقریباً 13 کروڑ 50 لاکھ آبادی والا پنجاب اپنی زرخیز زمین، وسیع نہری نظام اور بے پناہ انسانی و قدرتی وسائل کے باوجود بدانتظامی، ناقص منصوبہ بندی اور شدید معاشی مسائل کا شکار ہے۔ سوچنے کی بات یہ ہے کہ پنجاب رقبے میں تقریباً پورے گریٹ برطانیہ کے برابر اور آبادی میں دنیا کے کئی بڑے ممالک سے بھی آگے ہے۔ ایسے میں ایک ہی صوبائی دارالحکومت سے اتنے وسیع علاقے اور کروڑوں لوگوں کے لیے انصاف، صحت، تعلیم اور امن و امان کا نظام مؤثر طریقے سے چلانا کیسے ممکن ہے؟ اور اب جب یہ واضح بھی ہو چکا ہے کہ پنجاب رقبے اور آبادی کے لحاظ سے کس قدر بڑا صوبہ بن چکا ہے، تو اسے مختلف صوبوں یا وفاقی اکائیوں میں تقسیم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اگر اس کے باوجود ایسا نہیں کیا جاتا، تو یہ تاثر مزید مضبوط ہوگا کہ قومی مفاد پر سیاسی مفادات کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ لیکن اب اصل سوال یہ ہے کہ پنجاب کو کتنے نئے صوبوں، یعنی وفاقی اکائیوں (Federating Units)، میں تقسیم کیا جائے؟ اس حوالے سے ایک پرانا اور نمایاں مطالبہ یہ رہا ہے کہ ملتان اور اس کے گردونواح پر مشتمل سرائیکی صوبہ قائم کیا جائے، سابق ریاست بہاولپور کو الگ صوبائی حیثیت دی جائے اور باقی پنجاب کو ایک علیحدہ صوبے کے طور پر برقرار رکھا جائے۔ اس فارمولے کے تحت موجودہ پنجاب 3 صوبوں میں تقسیم ہو جاتا ہے۔ تاہم صوبوں کی نئی تقسیم صرف تاریخی مطالبات یا علاقائی شناخت کی بنیاد پر نہیں ہونی چاہیے۔ اس فیصلے میں آبادی، رقبہ، انتظامی معاملات، معاشی صلاحیت، مواصلاتی رابطوں، دستیاب وسائل اور مستقبل میں آبادی کے ممکنہ پھیلاؤ کو بھی بنیادی اہمیت دینی ہوگی۔ اس لیے یہ دیکھنا ضروری ہے کہ آیا 3 صوبوں کا یہ ماڈل واقعی ایک دیرپا اور کامیاب تجربہ ثابت ہو سکتا ہے یا پنجاب کو اس سے بھی زیادہ صوبوں میں تقسیم کرنے کی ضرورت ہے۔ آج بنیادی سوال یہ ہے کہ پنجاب کو کتنے صوبوں میں تقسیم کیا جائے: 3، 6 یا 10؟ تین (3) صوبوں کی تجویز ایک عرصے سے زیرِ بحث ہے۔ ہمارا تھنک ٹینک اس کے مقابلے میں 6 صوبوں کا ماڈل پیش کر رہا ہے، جس میں پنجاب کی آبادی، مختلف علاقوں کے باہمی فاصلے، انتظامی ضروریات اور معاشی معاملات کو بنیاد بنایا گیا ہے۔ ایک تیسری تجویز یہ بھی ہے کہ پنجاب کے موجودہ 10 ڈویژنوں کو ہی الگ صوبوں میں تبدیل کر دیا جائے۔ ہم نے یہ تجویز محض اندازوں یا زبانی بحث کی بنیاد پر پیش نہیں کی، بلکہ ہم نے اور ہماری ٹیم نے پنجاب کے مختلف شہروں، دیہی علاقوں اور ان کی معیشت و تجارتی سرگرمیوں کا طویل عرصے تک قریب سے جائزہ لیا ہے۔ اس جائزے کا مقصد یہ سمجھنا تھا کہ پنجاب کے کن شہروں اور علاقوں کو ملا کر ایسے صوبے بنائے جا سکتے ہیں جو انتظامی طور پر بہتر ہوں اور اپنی معیشت بھی آزادانہ سنبھال سکیں۔ اسی مقصد کے لیے چین کے صنعتی و معاشی کلسٹرز (Economic Clusters) کے ماڈل کا بھی جائزہ لیا گیا۔ چین کی غیر معمولی معاشی ترقی کا ایک اہم سبب یہ بھی ہے کہ اس نے مختلف شہروں اور علاقوں کو مخصوص صنعتوں کے گرد منظم کیا اور وہاں مکمل صنعتی ایکوسسٹم قائم کیے۔ مثال کے طور پر چانگ چُن، شنگھائی، گوانگ ژو، ووہان اور چونگ چنگ گاڑیوں کی صنعت کے بڑے مراکز ہیں۔ چانگ چُن میں صرف گاڑیاں تیار نہیں ہوتیں بلکہ اس کے گرد آٹو پارٹس، بیٹریاں، انجینئرنگ، تحقیق، ہنرمند افرادی قوت اور سپلائی کا پورا نظام موجود ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسے چین کے اہم آٹوموبائل کلسٹرز میں شمار کیا جاتا ہے۔ اسی طرح شانتو کا چنگ ہائی ضلع کھلونوں کی تیاری، پیکجنگ اور برآمد کے لیے مشہور ہے۔ شینژن اور ڈونگ گوان الیکٹرانکس، موبائل فونز، ڈرونز اور سیمی کنڈکٹرز کے بڑے مراکز ہیں، جبکہ شنگھائی کیمیکل انڈسٹری پارک پیٹروکیمیکل اور کیمیکل صنعت کے لیے مخصوص ہے۔ چین کے اس ماڈل میں ہر شہر اپنی مخصوص صنعت پر توجہ دیتا ہے۔ ہر شہر ہر چیز بنانے کی کوشش نہیں کرتا بلکہ اپنی مخصوص معاشی شناخت قائم کرتا ہے۔ اس سے سرمایہ کاروں کو تیار انفراسٹرکچر، ہنرمند افراد، سپلائرز اور منڈی ایک ہی خطے میں مل جاتی ہے۔ نتیجتاً پیداواری لاگت کم، معیار بہتر اور برآمدی صلاحیت زیادہ ہو جاتی ہے۔ اسی تحقیق اور مشاہدے کے بعد پنجاب کو 6 صوبوں میں تقسیم کرنے کی یہ تجویز پیش کی گئی ہے۔ اسی لیے پنجاب کے 6 مجوزہ صوبوں کی ہماری تجویز صرف انتظامی تقسیم نہیں بلکہ ایسے معاشی ریجنوں (Economic Regions) کی تشکیل کی کوشش ہے جو مستقبل میں اپنے وسائل، صنعت، زراعت، تجارت اور سرمایہ کاری کی بنیاد پر خود کو پائیدار انداز میں آگے بڑھا سکیں۔ اس تصور کی تشکیل میں چین سمیت مختلف ممالک کے علاقائی معاشی ماڈلز کا بھی مطالعہ کیا گیا ہے 🔳 پنجاب کے 6 مجوزہ صوبے: انتظامی و معاشی خدوخال 1۔ صوبہ راولپنڈی ▫️یہ مجوزہ صوبہ خطۂ پوٹھوہار پر مشتمل ہوگا، جو اپنے منفرد جغرافیے، خدمات کے شعبے، دفاعی تنصیبات، تیل و گیس، معدنی وسائل اور سیاحت کی وجہ سے ایک الگ معاشی شناخت رکھتا ہے۔ راولپنڈی کو دارالحکومت بنانے سے اس خطے کے لوگوں کی صوبائی اداروں تک رسائی پہلے کے مقابلے میں زیادہ آسان اور تیز ہو جائے گی۔ ▫️اضلاع: راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، تلہ گنگ اور جہلم ▫️دارالحکومت: راولپنڈی ▫️معاشی بنیاد: خدمات، دفاع، سیاحت، بارانی زراعت، تیل، گیس اور معدنیات ▫️کل رقبہ: تقریباً 22,255 مربع کلومیٹر ▫️آبادی: تقریباً 1 کروڑ 14 لاکھ، مردم شماری 2023 کے مطابق (مردم شماری 2023 میں مری کی آبادی راولپنڈی ضلع اور تلہ گنگ کی آبادی چکوال ضلع کے اعداد میں شامل تھی۔) 2۔ صوبہ لاہور ▫️یہ مجوزہ صوبہ پنجاب کے سب سے بڑے صنعتی، تجارتی اور ٹیکنالوجی کے مرکز پر مشتمل ہوگا۔ لاہور کی آئی ٹی انڈسٹری، مالیاتی سرگرمیاں، اعلیٰ تعلیم اور خدمات کے شعبے کو گوجرانوالہ کی لائٹ انجینئرنگ، سیالکوٹ کی سرجیکل اور کھیلوں کی صنعت، گجرات کے پنکھوں اور فرنیچر، حافظ آباد اور منڈی بہاؤالدین کی زراعت، جبکہ قصور، اوکاڑہ، ساہیوال اور پاکپتن کی ڈیری، لائیو اسٹاک اور فوڈ پروسیسنگ سے جوڑا جائے گا۔ اس طرح یہ صوبہ پاکستان کا سب سے بڑا صنعتی، برآمدی اور ٹیکنالوجی کا معاشی کلسٹر (Economic Cluster) بن سکتا ہے۔ ▫️اضلاع: لاہور، قصور، شیخوپورہ، اوکاڑہ، ساہیوال، پاکپتن، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین اور وزیرآباد ▫️دارالحکومت: لاہور ▫️معاشی بنیاد: آئی ٹی، مالیات، تعلیم، خدمات، لائٹ انجینئرنگ، سرجیکل آلات، کھیلوں کا سامان، پنکھے، فرنیچر، زراعت، ڈیری، لائیو اسٹاک، فوڈ پروسیسنگ اور برآمدات ▫️کل رقبہ: تقریباً 37,020 مربع کلومیٹر ▫️آبادی: تقریباً 4 کروڑ 85 لاکھ، مردم شماری 2023 کے مطابق 3۔ صوبہ فیصل آباد ▫️یہ مجوزہ صوبہ وسطی پنجاب کے ایک بڑے صنعتی اور زرعی خطے پر مشتمل ہوگا۔ فیصل آباد کی ٹیکسٹائل صنعت، سرگودھا کے کینو، خوشاب کے معدنی وسائل، چنیوٹ کی فرنیچر سازی جبکہ جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور ننکانہ صاحب کی زراعت اور لائیو اسٹاک اس خطے کو ایک متوازن صنعتی اور زرعی معیشت فراہم کریں گے۔ صنعت، زراعت، فوڈ پروسیسنگ اور برآمدات کو ایک ہی خطے میں جوڑ کر اسے پنجاب کا ایک اہم معاشی کلسٹر (Economic Cluster) بنایا جا سکتا ہے۔ ▫️اضلاع: فیصل آباد، ننکانہ صاحب، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ، سرگودھا اور خوشاب ▫️دارالحکومت: فیصل آباد ▫️معاشی بنیاد: ٹیکسٹائل، فرنیچر، زراعت، کینو، گندم، لائیو اسٹاک، فوڈ پروسیسنگ، معدنیات، صنعت اور برآمدات ▫️کل رقبہ: 32,501 مربع کلومیٹر ▫️آبادی: تقریباً 2 کروڑ 37 لاکھ، مردم شماری 2023 کے مطابق 4۔ صوبہ ملتان ▫️یہ مجوزہ صوبہ جنوبی پنجاب کے ایک بڑے زرعی، تجارتی اور صنعتی خطے پر مشتمل ہوگا۔ ملتان کی تجارت، تعلیم، صحت اور خدمات، خانیوال اور وہاڑی کی کپاس و گندم، لودھراں کی زراعت جبکہ مظفرگڑھ اور کوٹ ادو کی زرعی پیداوار، توانائی اور صنعتی سرگرمیاں اس خطے کو ایک مضبوط معاشی بنیاد فراہم کریں گی۔ زراعت، ٹیکسٹائل، فوڈ پروسیسنگ، تجارت اور توانائی کو ایک ہی خطے میں جوڑ کر اسے جنوبی پنجاب کا ایک اہم معاشی کلسٹر (Economic Cluster) بنایا جا سکتا ہے۔ ▫️اضلاع: ملتان، خانیوال، وہاڑی، لودھراں، مظفرگڑھ اور کوٹ ادو ▫️دارالحکومت: ملتان ▫️معاشی بنیاد: کپاس، گندم، زراعت، ٹیکسٹائل، فوڈ پروسیسنگ، لائیو اسٹاک، تجارت، خدمات، صنعت اور توانائی ▫️کل رقبہ: 23,460 مربع کلومیٹر ▫️آبادی: تقریباً 1 کروڑ 91 لاکھ، مردم شماری 2023 کے مطابق نوٹ: مردم شماری 2023 میں کوٹ ادو اور چوک سرور شہید کی آبادی اور رقبہ مظفرگڑھ ضلع کے مجموعی اعداد میں شامل تھے۔ 5۔ صوبہ بہاولپور ▫️یہ مجوزہ صوبہ سابق ریاست بہاولپور کے تاریخی اور انتظامی خطے پر مشتمل ہوگا۔ بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یار خان زراعت، صنعت، تجارت اور توانائی کے لحاظ سے ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔ کپاس، گندم، گنا، فوڈ پروسیسنگ، لائیو اسٹاک اور رحیم یار خان کی صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کے ساتھ چولستان کی زمین، معدنی وسائل اور شمسی توانائی اس خطے کو ایک مضبوط معاشی بنیاد فراہم کر سکتے ہیں۔ ▫️سابق ریاست بہاولپور میں اپنا حکومتی نظام، تعلیمی ادارے، آبپاشی کا مضبوط نہری نظام اور ترقی کا ایک مؤثر انتظامی ڈھانچہ موجود تھا۔ آج بھی یہ خطہ زراعت، صنعت اور تجارت کے ساتھ ساتھ چولستان کی وسیع زمین، لائیو اسٹاک، معدنی وسائل اور شمسی توانائی کی غیر معمولی صلاحیت رکھتا ہے۔ بہاولپور میں قائم قائداعظم سولر پارک اس کی ایک عملی مثال ہے، جبکہ لال سوہانرا نیشنل پارک سیاحت، جنگلی حیات اور ماحولیات کے حوالے سے اس خطے کی منفرد شناخت ہے۔ ▫️اس تجویز کا مقصد ماضی کو واپس لانا نہیں بلکہ اس تاریخی تجربے اور مقامی وسائل کو جدید دور کی ضروریات کے مطابق بروئے کار لانا ہے۔ درست منصوبہ بندی اور سرمایہ کاری کے ذریعے بہاولپور زراعت، فوڈ پروسیسنگ، صنعت، سیاحت اور شمسی توانائی کا ایک مضبوط معاشی مرکز بن سکتا ہے۔ ▫️اضلاع: بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یار خان ▫️دارالحکومت: بہاولپور ▫️معاشی بنیاد: زراعت، کپاس، گندم، گنا، چینی، فوڈ پروسیسنگ، لائیو اسٹاک، صنعت، تجارت، معدنیات، چولستان اور شمسی توانائی ▫️کل رقبہ: 45,588 مربع کلومیٹر ▫️آبادی: تقریباً 1 کروڑ 34 لاکھ، مردم شماری 2023 کے مطابق 6۔ صوبہ ڈیرہ تھل ▫️یہ مجوزہ صوبہ ڈیرہ جات اور تھل کے تاریخی و جغرافیائی خطوں پر مشتمل ہوگا۔ ڈیرہ غازی خان، راجن پور اور تونسہ کے معدنی وسائل، کوہِ سلیمان، توانائی اور لائیو اسٹاک کو لیہ، بھکر اور میانوالی کی زراعت، دریائے سندھ اور تھل کے وسیع میدانوں کے ساتھ جوڑ کر ایک مربوط علاقائی معیشت تشکیل دی جا سکتی ہے۔ زراعت، معدنیات، توانائی، لائیو اسٹاک، دریائے سندھ اور سیاحت کی بنیاد پر یہ خطہ مغربی پنجاب کا ایک مضبوط معاشی کلسٹر (Economic Cluster) بن سکتا ہے۔ ▫️اضلاع: ڈیرہ غازی خان، راجن پور، تونسہ، لیہ، بھکر اور میانوالی ▫️دارالحکومت: لیہ ▫️معاشی بنیاد: زراعت، دریائے سندھ، لائیو اسٹاک، معدنیات، تیل و گیس، توانائی، کوہِ سلیمان، تھل اور سیاحت ▫️کل رقبہ: تقریباً 57,400 مربع کلومیٹر ▫️آبادی: تقریباً 1 کروڑ 38 لاکھ، مردم شماری 2023 کے مطابق (جاری ہے، باقی اگلی قسط میں)

مزید پڑھیں
1
1
Views
15
3

تحریر: سید شایان

اگر پنجاب کو 6 صوبوں میں تقسیم کیا جائے تو ؟؟ اور پاکستان کو مجموعی طور پر 22 صوبوں میں تقسیم کیا جاۓ تو  ؟؟

اگر پنجاب کو 6 صوبوں میں تقسیم کیا جائے تو ؟؟ اور پاکستان کو مجموعی طور پر 22 صوبوں میں تقسیم کیا جاۓ تو ؟؟

▫️ نئے صوبوں کی تشکیل سیاسی، لسانی یا نسلی بنیادوں کے بجائے آبادی، معاشی کلسٹرز اور زمینی فاصلوں کو سامنے رکھ کر کی جائے تو اس سے حکومت اور عوام کے درمیان دوری کم ہو گی، علاقائی معیشتیں مضبوط ہوں گی اور قومی یکجہتی بھی بہتر ہو سکتی ہے۔ ▫️ جب تک معیاری ہسپتال، کالج، یونیورسٹیاں اور روزگار کے مواقع ہر علاقے میں دستیاب نہیں ہوں گے، لوگ بہتر سہولتوں کی تلاش میں بڑے شہروں کا رخ کرتے رہیں گے۔ نتیجتاً بڑے شہر آبادی کے غیر معمولی دباؤ اور انتظامی مشکلات کا شکار رہیں گے، جبکہ دور دراز علاقے ترقی اور بنیادی سہولتوں سے محروم رہیں گے۔ ▫️افغانستان رقبے میں پاکستان سے نسبتاً چھوٹا ہے، مگر وہاں 34 صوبے ہیں، جبکہ پاکستان صرف 4 صوبوں میں تقسیم ہے۔ ہمارے ہاں نئے صوبوں کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ سیاست دانوں کی ہوسِ اقتدار ہے، جو بہتر انتظام اور عوامی سہولت کے بجائے بڑے صوبوں پر اپنی حکمرانی اور اثر و رسوخ برقرار رکھنا چاہتے ہیں موضوع: پاکستان کی نئی انتظامی تقسیم کیسے ممکن ہے؟ | قسط 1 عنوان: پنجاب کو کتنے صوبوں میں تقسیم کیا جانا چاہیے؟ 🔺 قومی معاملات میں اختلافِ رائے فطری ہے، مگر مستقل انتشار حل نہیں۔ عوام، سیاسی جماعتوں اور ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ کھلی بحث کے بعد واضح قومی اتفاقِ رائے تک پہنچیں۔ تحریر و تحقیق: سید شایان میں گزشتہ کچھ عرصے سے پاکستان کے آئی پی پیز اور توانائی کے بحران پر تحقیقی سلسلہ شائع کر رہا ہوں۔ تاہم نئے صوبوں کی بحث چونکہ ہمارے تھنک ٹینک کے بنیادی دائرۂ کار، یعنی Urban and Regional Development اور Governance، سے براہِ راست متعلق ہے، اس لیے آئی پی پیز کا سلسلہ عارضی طور پر روک کر اس اہم قومی موضوع پر میں اپنی راۓ قارئین کے سامنے پیش کر رہا ہوں۔ 🔳 پاکستان میں ان دنوں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق مختلف تجاویز زیرِ بحث ہیں۔ اسی تناظر میں ہمارے تھنک ٹینک نے بھی ایک فکری مشق (Academic Debate) کے طور پر صوبہ پنجاب کی ممکنہ انتظامی تقسیم کا نقشہ اور تجزیہ تیار کیا ہے۔ یہ کسی حکومتی منصوبے یا سرکاری تجویز کی نمائندگی نہیں کرتا، بلکہ انتظامی اصلاحات پر جاری علمی بحث میں ایک نیا تحقیقی نقطۂ نظر پیش کرتا ہے۔ آج پاکستان کی آبادی 26 کروڑ تک جا پہنچی ہے۔ صرف صوبہ پنجاب کی آبادی 12 کروڑ سے زیادہ ہے، جو دنیا کے کئی بڑے ممالک کی آبادی سے بھی زیادہ ہے۔ اسی طرح بلوچستان رقبے کے لحاظ سے ملک کا 44 فیصد حصہ ہے، مگر اس کا انتظامی مرکز، کوئٹہ، بعض علاقوں سے سینکڑوں کلومیٹر دور ہے۔ پاکستان میں نئے صوبوں کی تشکیل ایک طویل عرصے سے قومی اور عوامی بحث کا موضوع رہی ہے۔ اس کے حامیوں کا مؤقف ہے کہ چھوٹے صوبوں سے وسائل کی منصفانہ تقسیم، بہتر گورننس، عوامی خدمات تک آسان رسائی اور دور دراز علاقوں کی ترقی ممکن ہوگی۔ اس سے لاہور اور کراچی جیسے بڑے شہروں پر آبادی اور انتظامی دباؤ بھی کم ہو سکتا ہے۔ نئے صوبوں کے مخالفین کا مؤقف ہے کہ اس عمل میں آئینی اور سیاسی رکاوٹیں، لسانی تنازعات اور بھاری انتظامی اخراجات شامل ہیں۔ ان کے نزدیک نئے گورنر ہاؤس، اسمبلیوں، کابیناؤں اور سیکرٹریٹ قائم کرنے کے بجائے بااختیار مقامی حکومتوں کو فنڈز اور اختیارات دے کر یہی مقاصد کم خرچ اور زیادہ مؤثر انداز میں حاصل کیے جا سکتے ہیں نئے صوبے بنانے کا حامی ایک بڑا حلقہ طویل عرصے سے یہ تجویز دیتا آ رہا ہے کہ اگر پاکستان کو 12 سے 14 انتظامی یونٹس یا صوبوں میں تقسیم کر دیا جائے تو گورننس میں بہتری اور وسائل کی منصفانہ تقسیم ممکن ہو سکتی ہے۔ 2025 میں انوار الحق کاکڑ اور گوہر اعجاز کے قائم کردہ Economic Policy and Business Development Think Tank نے پاکستان کو 12 سے 20 صوبوں یا موجودہ ڈویژنوں کی بنیاد پر تقریباً 38 انتظامی یونٹس میں تقسیم کرنے کے مختلف ماڈل پیش کیے تھے۔ اس تھنک ٹینک کے سی ای او سابق بیوروکریٹ احمد نواز سکھیرا ہیں۔ 2023 میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے پنجاب اور بلوچستان کے 3،3 صوبے بنانے کے ساتھ کراچی، ہزارہ اور سابق فاٹا کو الگ صوبوں کا درجہ دینے کی تجویز دی، جبکہ ڈاکٹر مہتاب ایس کریم نے 20 صوبوں یا انتظامی یونٹس کا خاکہ پیش کیا۔ اس کے علاوہ بہاولپور، جنوبی پنجاب، ہزارہ اور کراچی کو الگ صوبے بنانے کی تجاویز بھی مختلف اوقات میں سیاسی اور پارلیمانی سطح پر سامنے آتی رہی ہیں۔ اگر ہم ماضی پر نظر ڈالیں تو پاکستان میں صوبائی خودمختاری کا پہلا نمایاں مطالبہ مشرقی پاکستان، یعنی موجودہ بنگلہ دیش، سے سامنے آیا، جو اس وقت پاکستان کا مشرقی حصہ تھا۔ 1949 میں وہاں یہ احساس بڑھ رہا تھا کہ ملک کی آبادی میں اکثریت رکھنے کے باوجود مشرقی پاکستان کو وفاقی حکومت، سرکاری ملازمتوں اور قومی وسائل میں اس کے جائز حصے کے مطابق نمائندگی اور اختیار حاصل نہیں۔ اسی سال مشرقی پاکستان کی مسلم لیگ پارلیمانی پارٹی نے صوبائی خودمختاری کا باضابطہ مطالبہ کیا، جبکہ حسین شہید سہروردی اور مولانا عبدالحمید خان بھاشانی اس تحریک کی نمایاں سیاسی آوازوں میں شامل تھے۔ مشرقی پاکستان سے صوبائی خودمختاری کے مطالبات زور پکڑنے لگے تو وفاقی پالیسی سازوں نے ایک مختلف راستہ اختیار کیا۔ 1955 میں پنجاب، سندھ، سرحد، بلوچستان اور مغربی پاکستان کی مختلف ریاستوں کو ملا کر ایک ہی انتظامی یونٹ، یعنی ون یونٹ، قائم کر دیا گیا۔ اس کا بنیادی مقصد مشرقی اور مغربی پاکستان کے درمیان سیاسی برابری قائم کرنا اور مغربی پاکستان کو ایک انتظامی اکائی میں تبدیل کرنا تھا۔ تاہم ون یونٹ کا تجربہ کامیاب نہ ہو سکا۔ مختلف زبانوں، ثقافتوں، تاریخی شناختوں اور سیاسی روایات رکھنے والے صوبوں کو ایک انتظامی اکائی میں ضم کرنے سے خصوصاً سندھ، سرحد اور بلوچستان میں اپنی صوبائی شناخت ختم ہونے کا احساس پیدا ہوا۔ اس دور کی مخالفت کا بنیادی محور معاشی معاملات سے زیادہ زبان، ثقافت، علاقائی شناخت اور قوم پرستی تھا۔ سندھ میں سندھی زبان، ثقافت اور صوبائی شناخت کے تحفظ کے لیے جی ایم سید، حیدر بخش جتوئی اور شیخ عبدالمجید سندھی جیسے رہنماؤں کے ساتھ طلبہ، ادیبوں اور قوم پرست سیاسی حلقوں نے سب سے منظم آواز اٹھائی۔ سرحد میں خان عبدالغفار خان اور خان عبدالولی خان، جبکہ بلوچستان میں میر غوث بخش بزنجو اور عبدالصمد خان اچکزئی جیسے رہنما صوبائی شناخت، خودمختاری اور سیاسی اختیارات کی بحالی کے مطالبات میں نمایاں رہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ وسائل اور سرکاری ملازمتوں میں حصے کا مطالبہ ضرور موجود تھا، مگر اسے زیادہ تر صوبائی شناخت اور مرکز کے بڑھتے ہوئے غلبے کے تناظر میں دیکھا جاتا تھا۔ اسی ماحول میں 1966 میں شیخ مجیب الرحمن نے اپنے چھ نکات پیش کیے، جن میں صوبوں، جنہیں آئینی زبان میں وفاقی اکائیاں یا Federating Units کہا جاتا ہے، کو وسیع سیاسی، مالی اور انتظامی خودمختاری دینے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ مسلسل سیاسی مخالفت کے نتیجے میں 1970 میں ون یونٹ ختم کر دیا گیا اور پنجاب، سندھ، سرحد اور بلوچستان کو دوبارہ صوبوں کی حیثیت دے دی گئی۔ اس کے بعد صوبائی خودمختاری اور نئے صوبوں کی بحث پاکستان کی سیاست کا مستقل موضوع بن گئی۔ کبھی نئے صوبوں کے نام پر، کبھی صوبائی خودمختاری کے نام پر اور کبھی مضبوط بلدیاتی نظام کے مطالبے کی صورت میں یہ سوال بار بار سامنے آتا رہا کہ اختیارات آخر عوام کے کتنے قریب ہونے چاہییں۔ آج 2026 میں بھی نئے صوبوں کی بحث کے پیچھے بنیادی سوال یہی ہے کہ دور دراز علاقوں میں رہنے والے ایک عام شہری کو اپنے روزمرہ مسائل اور بنیادی سہولتوں کے لیے صوبائی دارالحکومت کیوں جانا پڑے۔ پنجاب کے کسی دور افتادہ ضلع سے لاہور پہنچنا ہو، وفاقی معاملے کے لیے اسلام آباد جانا ہو، یا کسی مقدمے میں اعلیٰ عدالتوں تک رسائی حاصل کرنا ہو، یہ پورا نظام عام آدمی کے لیے مہنگا، مشکل اور وقت طلب ہے۔ اصل ضرورت ایسے انتظامی اور عدالتی ڈھانچے کی ہے جس میں زیادہ تر مسائل شہری کے اپنے شہر، ضلع یا قریبی علاقے ہی میں حل ہو سکیں۔ میری رائے شروع سے یہ رہی ہے کہ سیاست میں اصل اہمیت نچلی سطح کی حکمرانی (Grassroots Governance) کی ہے۔ حکومت اور اختیار جتنا عوام کے قریب ہوگا، لوگوں کو اتنا ہی محسوس ہوگا کہ ان کے مسائل کا حل ان کے اپنے شہر، ضلع یا تحصیل میں موجود ہے۔ اسی لیے میں مضبوط سٹی اور ڈسٹرکٹ گورنمنٹس کا حامی رہا ہوں۔ پرویز مشرف کے دور میں قائم کیا گیا سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ نظام یقیناً نچلی سطح تک اختیارات منتقل کرنے کی ایک اچھی کوشش تھی۔ مگر حکومت بدلتے ہی اس پورے نظام کو اس طرح ختم کر دیا گیا جیسے ریاستی پالیسی میں تسلسل کی کوئی اہمیت ہی نہ ہو۔ تحریکِ انصاف نے بھی نچلی سطح تک اختیارات منتقل کرنے کا وعدہ کیا، مگر اقتدار میں آنے کے بعد اس پر وہ عمل نہ ہوسکا جس کی توقع کی جا رہی تھی۔ اقتدار اور اختیارات کی حقیقی منتقلی کی بہترین شکل کیا ہونی چاہیے؟ کیا مضبوط بلدیاتی نظام، چھوٹے صوبے، یا دونوں کا کوئی مشترکہ ماڈل؟ اور اس سے بھی اہم سوال یہ ہے کہ ایسا آئینی اور انتظامی ڈھانچہ کیسے تشکیل دیا جائے جسے کوئی آنے والی حکومت، خواہ منتخب ہو یا غیر منتخب، اپنی سیاسی مصلحت کے تحت آسانی سے ختم یا کمزور نہ کر سکے؟ یہی وہ بنیادی سوال ہے جسے ہم اس سلسلے کی آئندہ اقساط میں تفصیل سے زیرِ بحث لائیں گے۔ اگلی قسط میں ہم پنجاب کو 6 صوبوں میں تقسیم کرنے کے اپنے مجوزہ ماڈل، اس کی منطق، حدود اور انتظامی بنیادوں کا تفصیلی جائزہ بھی پیش کریں گے۔ (جاری ہے باقی اگلی قسط میں)

مزید پڑھیں
1
0
Views
13
2